علی گڑھ6ستمبر(آئی این ایس انڈیا) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈرامہ کلب کی51ویں سالگرہ کے موقع پر منائے جا رہے ڈرامہ فیسٹیول’’ کیمپس وائڈ‘‘ کے دوسرے دن نکڑ ناٹک ’’قومی اتحاد‘‘ کے علاوہ داستان گوئی، اسٹینڈ اپ کامیڈی، مائم اور مونولاگ کے پروگرام پیش کئے گئے۔یاسر صدیقی اور رباب حسن کے تحریر کردہ و ہدایت کردہ ناٹک ’’قومی اتحاد‘‘ کی ڈرامہ کلب کے فنکاروں نے یونیورسٹی سمیت شہر کے مختلف حصوں میں پیش کش کی۔ اس ناٹک میں شیراز ملک، محمد عاقب خاں، مرزا الطاف بیگ، رشی کمار یادو، فرقان انور، سمیر کانت، پردیپ کمار، آشیش کمار، عروب فاطمہ، حرا مشتاق، نتن یادو، پشپیندر کمار اور دشانک شرما نے حصہ لیا۔دوپہر بعد گریٹ ویلیو مال میں اے ایم یو ڈرامہ کلب کے فنکاروں نے داستان گوئی، اسٹینڈ اپ کامیڈی، مائم اور مونو لاگ کے پروگرام پیش کئے، شاکر علی نے سعادت حسن منٹو کی معروف کہانی ٹوبہ ٹیک سنگھ پیش کی۔رشی کمار نے’’ ٹائم پلیز‘‘ مونولاگ پیش کیا۔ فیصل جمیل نے اسٹینڈ اپ کامیڈی پیش کی اور معظم احمد نے مائم پیش کیا۔ ٹوبا ٹیک سنگھ اور ٹائم پلیز کی ہدایت انکت ملک نے کی جبکہ اسٹینڈ اپ کامیڈی اور مائم کی ہدایت طلحہٰ عباسی نے کی۔ ڈرامہ کلب کی ہر پیشکش کو ناظرین نے کافی سراہا۔اے ایم یو ڈرامہ کلب کے سکریٹری انکت ملک نے بتایا کہ کیمپس وائڈ کے تیسرے دن بیگم سلطان جہاں ہال میں نکڑ ناٹک سکّے کا دوسرا پہلو پیش کیا جائے گا۔